اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):فاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں عملی شکل اختیار
کر رہی ہے۔ایکس پہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی کے سفر پر گامزن ہے، اور موجودہ قیادت اقبال کے تصورِ خودی، عزم اور قومی بیداری کو حقیقت میں بدل رہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے علامہ اقبال کا کلام بھی پیش کیا جس میں ملتِ اسلامیہ کے عروج، خودی کی مضبوطی اور مستقبل کی امید کا پیغام اجاگر کیا گیا ہے۔
خدائے لم یزل کا دستِ قُدرت تُو، زباں تُو ہے
یقیں پیدا کر اے غافل کہ مغلوبِ گُماں تو ہے
پرے ہے چرخِ نیلی فام سے منزل مسلماں کی
ستارے جس کی گردِ راہ ہوں، وہ کارواں تو ہے
مکاں فانی، مکیں آنی، ازل تیرا، ابد تیرا
خدا کا آخری پیغام ہے تُو، جاوداں تو ہے
حنا بندِ عروسِ لالہ ہے خُونِ جگر تیرا
تری نسبت براہیمی ہے، معمارِ جہاں تو ہے
تری فطرت امیں ہے ممکناتِ زندگانی کی
جہاں کے جوہرِ مُضمَر کا گویا امتحاں تو ہے
جہانِ آب و گِل سے عالَمِ جاوید کی خاطر
نبوّت ساتھ جس کو لے گئی وہ ارمغاں تو ہے
یہ نکتہ سرگزشتِ مِلّتِ بیضا سے ہے پیدا
کہ اقوامِ زمینِ ایشیا کا پاسباں تو ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو اقبال کے پیغام کو سمجھ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ پاکستان خطے میں ایک باوقار اور مضبوط ریاست کے طور پر ابھرے۔
’’پاکستان زندہ باد‘‘

