اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کا اعلان ہوا،یہ ایک تاریخ ساز کامیابی ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کی عزت وتکریم ہورہی ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اُن کی مشترکہ بے مثال سفارتکاری اور انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔بدھ کو قومی اسمبلی میں اپنے ریمارکس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کے لئے یہ تاریخی اعزاز اور قابل فخر لمحہ ہےجب پاکستان کی مخلصانہ کوششیں رنگ لائیں اور مشرق وسطیٰ میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایوان دونوں طرف کی قیادتوں کے فہم اور فراست کا اعتراف کرتا ہے جنہوں نے مذاکرت کو جنگ پر ترجیح دیتے ہوئے عالمی امن کی راہ ہموار کی۔سپیکر نے کہا کہ یہ ایک تاریخ ساز کامیابی ہے اور ہر پاکستانی رب العزت کے سامنے پوری عاجزی سے سجدہ ریز ہے کہ پاکستان کا نام ساری دنیا میں عزت اور احترام سے لیا جا رہا ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں یہاں بطور خاص وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اُن کی مشترکہ بے مثال سفارتکاری اور انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی کاوشوں سے آج پوری دنیا میں پاکستان کا بول بالا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی ساتھ وزات خارجہ کی پوری ٹیم بھی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ہماری ستائش کی حقدار ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی تکلیف دہ جنگ تھی جس میں دونوں طرف سے
مسلمانوں ہی کا نقصان ہو رہا تھا، یہ وقت ہے کہ تمام مسلم امہ باہمی اتفاق اور احترام سے نہتے اور مظلوم مسلمانوں کی فلاح کے لئے اکٹھی ہو جائے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میری دعا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کی میزبانی میں شروع ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوں اور اس خطے اور دنیا بھر میں پائیدار امن اور ترقی کی راہ ہموار ہو۔
