اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرگوہرخان نے پاکستان کی کوششوں سے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور اسلام آباد میں مذاکرات کے تناظر میں راولپنڈی میں منعقدہونے والے جلسہ کوملتوی کرنے کااعلان کیاہے۔پیرکوقومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سیاست اورعالمی حالات میں ایک ہفتہ کیا ایک دن بھی بڑاہوتا ہے،قوموں کی تاریخ میں بھی ایک دن ایساآتا ہے جب پوری قوم کوایک آواز ہونا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی جماعت سیزفائر کاخیرمقدم کرتی ہے اورجن لوگوں نے اس میں کرداراداکیاہے اس کوہم سراہتے ہیں، ہم سب کی خواہش تھی کہ
جنگ اس نہج پرنہ پہنچے جس سے مسلمان ممالک آپس میں دست وگریباں ہوں,ہمیں طویل المیعادبنیادوں پرامن کی امید ہے۔انہوں نے کہاکہ مئی میں بھارتی جارحیت کے دوران بھی ہم ملک کے ساتھ کھڑے رہے،ہمارے لئے پاکستان سب سے پہلے ہے۔انہوں نے کہاکہ میں حکومت کامشکورہوں کہ ان کاوفد آیا اوراچھے پیغامات ملے،ہم ایک سیاسی جماعت ہیں، آج صبح اتحادیوں کااجلاس ہواجس میں فیصلے ہوئے، اس اجلاس میں لیڈرآف دی اپوزیشن بھی شریک رہے، اس کے بعدسیاسی کمیٹی کااجلاس ہواجس میں اتفاق رائے سے فیصلے ہوئے، آج بانی پی ٹی آئی سے وکیل سلمان صفدرکی ملاقات بھی ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے لیاقت باغ میں جوجلسہ منعقد کرنے کااعلان کیاتھا اسے خان صاحب کی ہدایات اورپارٹی کے فیصلے کے مطابق ملتوی کررہے ہیں۔

