اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈقیصراحمدشیخ نے کہاہے کہ ایران اورامریکا کے درمیان جنگ بندی سے پاکستان کوفائدہ پہنچے گا اورملک میں سرمایہ کاری آئیگی۔بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی کوششوں سے امریکا اورایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پربحث میں حصہ لیتے ہوئے قیصراحمدشیخ نے کہاکہ تیل کی قیمتیں چند دنوں کی بات ہے،صرف ایک روز میں قیمتوں میں پندرہ فیصدکم ہوگئی ہے پاکستان بھی تیل کی عالمی قیمتوں سے
متاثرہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم،نائب وزیراعظم اورفیلڈمارشل کی دن رات محنت سے پاکستان کودنیا میں منفردکردارملا ہے،ہمیں امیدہے کہ ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے پاکستان کوفائدہ ملے گا، پاکستان سستاتیل اورگیس حاصل کرسکے گا،انہوں نے کہاکہ صدرٹرمپ نے جب خلیجی ریاستوں کادورہ کیا تو اس دوران خلیجی ممالک نے 2ٹریلین ڈالرکی سرمایہ کاری کااعلان کیاتھا،موجودہ پیش رفت سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں بہت زیادہ اضافہ ہوگا۔قیصراحمدشیخ نے کہاکہ صدرٹرمپ نے جب پاک بھارت جنگ میں کرداراداکیا توپاکستان نے صدر ٹرمپ کیلئے نوبل انعام کی درخواست کی، موجودہ بحران کے حوالہ سے اس ایوان کووزیراعظم اورفیلڈمارشل کیلئے نوبل انعام کی قراردادمنظورکرنا چاہیے اوران کیلئے نوبل انعام کی نامزدگی کا اعلان صدرٹرمپ کوکرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پوری دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، ملک میں بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے،پاکستان کواللہ تعالیٰ نے بڑی کامیابی دی ہے۔امید ہے کہ پاکستان مشکلات سے نکل جائیگا۔
