ایتھنز(نیوز ڈیسک):یونان کے وزیر اعظم کیریاکوس میتسوتاکس نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر یکم جنوری 2027 سے پابندی عائد کر دی جائے گی۔ رائٹرز کے مطابق یہ اقدام بچوں میں بڑھتی ہوئی
بے چینی، نیند کے مسائل اور سوشل میڈیا کی لت جیسے مسائل کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسکرین کے سامنے طویل وقت گزارنے سے بچوں کی ذہنی نشوونما متاثر ہو رہی ہے اور وہ مسلسل آن لائن موازنہ اور تبصروں کے دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔یہ اقدام آسٹریلیا کی جانب سے دسمبر میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پابندی
کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، جبکہ یونان نے یورپی یونین سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے پورے بلاک میں مشترکہ نظام متعارف کرایا جائے۔حکام کے مطابق اس پالیسی کا مقصد بچوں کی ذہنی صحت کا تحفظ اور انہیں ڈیجیٹل دنیا کے منفی اثرات سے بچانا ہے۔
