اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):پاکستان نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی کی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کی ہے۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسردہ ہے اور اہم بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے
والے نقصان کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومتِ پاکستان جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور اس مشکل گھڑی میں سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے۔بیان کے مطابق حکومتِ پاکستان ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی خطرناک کشیدگی قرار دیتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

