اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے جمعہ کو برطانیہ کے ڈائریکٹر جنرل (پولیٹیکل) ایڈورڈ لیویلین سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ تعلقات اور خطے کی مجموعی
صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اپ اسکل پروگرام، منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات، منظم جرائم کی روک تھام اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔فریقین کے درمیان منشیات کے انسداد اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور مؤثر شراکت داری پر مبنی ہیں۔ اس موقع پر ایڈورڈ لیویلین نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
