اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی، جنگی حالات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے پوری دنیا کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے، ایسے میں پاکستان ان اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکا۔ جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے ایک متوازن حکمتِ عملی اختیار کی ہے، جس کا مقصد وقتی مشکلات کے
باوجود معیشت کو مستحکم رکھنا ہے، اگر عالمی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے مصنوعی طور پر قیمتیں کم رکھی جاتیں تو ملک پر سبسڈی کا ناقابلِ برداشت بوجھ پڑتا، اس سے قبل دو مرتبہ وزیراعظم کے پاس سمری بھجی گئی لیکن وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے وقتی طور پر مشکل ضرور ہیں، مگر طویل مدتی استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور جیسے ہی عالمی حالات میں بہتری آئے گی اور جنگی اثرات کم ہوں گے، ان شاء اللہ عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ طارق فضل چودھری نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم تحمل ، اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ ہم ان چیلنجز سے مضبوط ہو کر نکل سکیں، ان شاء اللہ بہتر دن قریب ہیں۔
