لاہور( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ریلوے مسافروں کے لیے بڑا ریلیف دینے کا اعلان کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹرین کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ریلوے کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، جس کے پیش نظر کرایوں میں30 فیصد تک اضافہ ناگزیر ہو چکا تھا، تاہم وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فوری مداخلت کرتے ہوئے تمام
کلاسز کے کرایے بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی ۔ حکومتی فیصلے کے تحت اکانومی اور اے سی سمیت تمام کلاسز کے کرائے بدستور برقرار رہیں گے۔اس کے علاوہ کاروباری طبقے کو سہولت دینے کے لیے مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں بھی اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم کی ہدایات پر حکومت نے 30 جون تک اضافی مالی بوجھ خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت تقریبا 6 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی تاکہ مسافروں اور تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یہ اقدام عوام کے دل جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کے لیے ایک تحفہ ہے ، اس سے ریلوے سفر سستا اور قابلِ رسائی رہے گا۔
