اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آئندہ 30 روز کے لیے تمام پبلک ٹرانسپورٹ عوام کے لیے مفت کر دی جائے گی۔ انہوں نے جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ سہولت کل سے نافذ العمل ہوگی اور اسلام آباد کے تمام
شہری اس سے مستفید ہو سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بڑھتے ہوئے سفری اخراجات کے پیش نظر شہریوں کو فوری اور وسیع ریلیف فراہم کرنا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق ایک ماہ کے اس منصوبے پر تقریباً 35 کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے جو حکومت برداشت کرے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام پر مالی بوجھ کم کرنے اور شہریوں کے لیے سفری سہولیات کو مزید آسان بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ حکام کے مطابق اس اسکیم سے روزانہ ہزاروں مسافروں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، جن میں طلبہ، مزدور پیشہ افراد اور کم آمدنی والے طبقات شامل ہیں جو زیادہ تر پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے آپریشنز اور شامل روٹس سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ دنوں میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
