اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) رکن بلوچستان اسمبلی ۔بلوچستان نیشنل پارٹی ویمن ونگ صدر۔اورایمان پاکستان ٹرسٹ کی چئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اہلیان وطن اور دنیا بھر میں اہل اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر صرف خوشی کا تہوار نہیں، بلکہ رمضان المبارک کی روحانی تربیت، اخلاقی تطہیر اور اجتماعی شعور کا عظیم پیغام ہے، یہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مضبوط قومیں صرف وسائل سے نہیں، بلکہ صبر، نظم، ایثار، شکر اور باہمی احترام سے تعمیر ہوتی ہیں۔عید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا سب کو عیدالفطر کی دل کی
گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں، آج کے ان نازک حالات میں، جب دنیا بے یقینی، تقسیم اور اضطراب کا شکار ہے، عیدالفطر ہمیں اخوت، ہمدردی، برداشت اور امید کا راستہ دکھاتی ہے۔ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنے دلوں سے نفرت، تفرقہ اور مایوسی کو نکال کر اتحاد، محبت اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ عید کے مبارک موقع پر ہم اپنے اُن بہادر شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور ہم ان کے اہلِ خانہ کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئیے اس عید پر عہد کریں کہ ہم پاکستان کو ایک پُرامن، مضبوط، متحد اور خوشحال ملک بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔اللہ تعالیٰ ہماری عبادات قبول فرمائے، ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے، اور پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے ۔

