اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):افغان طالبان رجیم کی نام نہاد وزارت دفاع کا بے بنیاد جھوٹ و پروپیگنڈا ایک مرتبہ پھر سے بے نقاب ہوگیا، افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستانی پوسٹوں پر قبضوں کے دعوئوں اور نقصانات کے پیش کردہ اعشاریوں میں بالکل بھی صداقت نہیں، یہ افغان عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے گھڑی گئی جھوٹی کہانیاں ہیں جو پہلے سے ہی دہشت
گردوں کی پشت پناہی کرنے والے افغان طالبان رجیم کی وجہ سے تکلیفیں اٹھارہی ہے۔ہفتہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات افغان طالبان اور ان کی پراکسی فتنہ الخوارج کے نقصانات پر بروقت و باقاعدگی سے تفصیلات پیش کر رہی ہے جہاں ضروری ہو وہاں ساتھ تصاویر اور ویڈیو بھی میڈیا کو فراہم کی جا رہی
ہے اور افغان طالبان رجیم کی طرح جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا نہیں لیا جا رہا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی مصدقہ اطلاعات میڈیا کو بروقت فراہم کی جا رہی ہیں۔ افغانستان طالبان رجیم کے بار بار کئے جانے والے جھوٹے دعوے ایک دیوانے کا خواب ہیں جو صرف افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر
موجود ہیں اور حقیقت سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
