کولمبو ۔( نمائندہ خصوصی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر آٹھ مرحلے کی ٹیموں کے مابین میچز کے مقامات اور تاریخیں کنفرم ہوگئیں۔ گروپ اے سے میزبان بھارت اور پاکستان نے کوالیفائی کیا، گروپ بی سے سری لنکا اور زمبابوے کامیاب رہے، گروپ سی سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ جبکہ گروپ ڈی سے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ نے سپر آٹھ مرحلے میں جگہ بنائی۔ آٹھوں ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔پہلے گروپ میں بھارت، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ اس گروپ کا بڑا مقابلہ 22 فروری کو احمد آباد کے نریندرا مودی
سٹیڈیم میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا۔ 23 فروری کو زمبابوے اور ویسٹ انڈیز ممبئی کےوانکڈے سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔ 26 فروری کو جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز دوبارہ احمد آباد میں آمنے سامنے آئیں گے جبکہ اسی روز بھارت اور زمبابوے چنئی کے سٹیڈیم میں ٹکرائیں گے۔یکم مارچ کو زمبابوے اور جنوبی افریقہ دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں پنجہ آزمائی کریں گے جبکہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کا مقابلہ کولکتہ کےایڈن گارڈن میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے گروپ میں پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ اس گروپ کا آغاز 21 فروری کو کولمبو کے پریمادس سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا۔ 22 فروری کو سری لنکا اور انگلینڈ کینڈی کے پالیکیلے سٹیڈیم میں مدِ مقابل ہوں گے۔ 24 فروری کو پاکستان اور انگلینڈ کا اہم معرکہ بھی کینڈی میں کھیلا جائے گا۔25 فروری کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کولمبو میں آمنے سامنے آئیں گے۔ 27 فروری کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا میچ کولمبو میں ہوگا جبکہ 28 فروری کو پاکستان اور سری لنکا ایک مرتبہ پھر کینڈی میں مدِ
مقابل ہوں گے۔ سپر آٹھ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں نے 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد ہونے والے اگلے عالمی کپ کے لیے براہ راست کوالیفکیشن بھی حاصل کر لی ہے۔مزید تین ٹیموں کا فیصلہ عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر کیا جائے گا اور بنگلہ دیش، افغانستان اور آئرلینڈ کے شامل ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ باقی نشستوں کا تعین علاقائی مقابلوں کے ذریعے ہوگا۔
