اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے نئی پی ایس ایل فرنچائز "راولپنڈی پیسرز” کے چیئرمین محبت خان نے اہم ملاقا کی۔ ملاقات کے دوران محبت خان نے وفاقی وزیر کو ٹیم کے مستقبل کے وژن، اہداف اور کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی پیسرز کو پی ایس ایل میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پیسرز کی انٹری جڑواں شہروں کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے، اس نئی فرنچائز کی آمد سے نہ صرف مقامی
نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لئے عالمی معیار کا پلیٹ فارم ملے گا بلکہ نوجوان ٹیلنٹ کے لئے ترقی کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔حنیف عباسی نے پی ایس ایل کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی متحرک قیادت میں پی ایس ایل ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے، ان کی کوششوں سے لیگ میں نئی ٹیموں کی شمولیت ممکن ہوئی اور کرکٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں وسعت سے ملکی کرکٹ کو معاشی طور پر استحکام ملے گا اور نئی فرنچائزز کی آمد کھیل کی مقبولیت کو مزید چار چاند لگا دے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔
