اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں پاک بھارت میچ کھیلنا چاہئے جبکہ وزیراعظم نے سری لنکن صدر کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے مابین ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
سری لنکن صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں دہشت گردی کے دوران پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی اور پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دہشت گردی کے باوجود سری لنکا میں کرکٹ کھیلنے کیلئے دورے جاری رکھے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی مشکل ادوار میں سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا، پاکستان میں کرکٹ جاری رکھی،حال ہی میں بھی سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرکے پاکستانی قوم اور کرکٹ شائقین کیلئے ایک ناقابل فراموش اقدام اٹھایا۔ وزیر اعظم نے سری لنکن صدر کو بتایا کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کریں گے۔
