لاہور( نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ بیورو، امریکہ کے وفد نے کینڈرا کرک لینڈ کی سربراہی میں محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پروبیشن اینڈ پیرول سروس، جیل ریفارمز اور قانون کی عمل داری بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب نے پروبیشنرز کیلئے مثالی کمیونٹی سروس ماڈل متعارف کروایا ہے۔ پنجاب میں پروبیشنرز کی قابلیت اور
صلاحیت کے مطابق کمیونٹی سروس کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2022 سے اب تک 52,435 پروبیشنرز کو تربیت کے بعد کمیونٹی میں انٹیگریڈ کیا گیا ہے۔ ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال نے بتایا کہ پنجاب میں اس وقت 43,000 سے زائد پروبیشنرز کی اصلاحی تربیت کر رہے ہیں۔ یہ معمولی جرائم میں سزا یافتہ افراد ہیں جو اس سے قبل کسی جرم میں ملوث نہیں رہے۔ انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ بیورو کے وفد کی سربراہ کینڈرا کرک لینڈ نے کہا کہ حکومت پنجاب کا جیل ریفارمز ماڈل قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کے تعاون اور اشتراک پر ممنون ہیں۔ کینڈرا کرک لینڈ نے کہا کہ پروبیشن اینڈ پیرول افسران کی عالمی معیار کے مطابق تربیت کروانے میں مدد کریں گے۔ ملاقات کے اختتام پر یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔ ملاقات میں ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال، ڈپٹی سیکرٹری پریزن تہنیت بخاری اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

