لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ٹرمپ نعوذ باللہ خدا کے لہجے میں بات کررہا ہے، دنیا میں رائج طاغوتی اور استعماری نظام کو صرف اور صرف نوجوان نسل ہی چیلنج کرسکتی ہے۔ سوشل میڈیا کی طاقت استعمال کرتے ہوئے نوجوان طبقہ ظلم کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے، آواز نہیں سنی جاتی تو منظم ہوکر فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کی جائے۔ پاکستان میں سول، ملٹری افسرشاہی اور وڈیروں کے گٹھ جوڑ کو توڑ کر ملک کو عظیم بنانا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں نوجوانوں کے بڑے اجتماع (Youth Gathering) سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، اور نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن مشتاق مانگٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دنیا میں رائج موجودہ جمہوری نظام دھوکہ ہے، بھارت میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور اقلیتوں پر مظالم عالمی طاقتوں کو نظر نہیں آتے ، پاکستان میں ایسے واقعات کا دو فیصد بھی ہوجائے تو آسمان سر پر اٹھا لیا جاتا ہے۔ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی امریکہ و مغرب سرپرستی کررہا ہے۔ ٹرمپ عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ وہ جہاں چاہے گا حملہ کرے گا ، امریکہ و مغرب ٹیکنالوجی کو طاقت برقرار رکھنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ ملٹی نیشنل کمپنیاں انسانیت کا استحصال کررہی ہیں،
بیس فیصد سے بھی کم لوگوں نے اسی فیصد انسانیت کو یرغمال بنایا ہوا ہے، پاکستان میں انگریز کے وفاداروں کا تسلط قائم ہے۔ ان حالات میں نئی نسل کو متحد ہوکر انسانیت کو ظلم سے آزاد کرانا ہے۔ دنیا گلوبل ویلج (Global Village) ہے ،پاکستان کے نوجوان پوری دنیا میں انسانیت دوست لوگوں کو دوست بنائیں، سوشل میڈیا پر استحصال کے خلاف آواز اٹھائیں اور جماعت اسلامی کے منظم پلیٹ فارم سے فرسودہ نظام کے خلاف پرامن مزاحمت کریں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں منشیات کا دھندہ تعلیمی اداروں میں سرایت کرچکا ہے، پہلے تعلیم بِک رہی تھی اب کھیلنے کے مواقع بھی پیسوں کے عوض دستیاب ہیں، مسلط اشرافیہ نوجوانوں کو مایوس کررہی ہے ، اس صورتحال میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے زی-کنیکٹ (Gen Z -Connect) پروگرام کا تاریخی اقدام اٹھایا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان نسل کو آئی ٹی کی اور فنی
تربیت فراہم کررہے ہیں ، جلد چھوٹے کاروبار کے لیے بلاسود قرضوں کا آغاز ہوگا، نوجوانوں کی اخلاقی تربیت کریں گے اورانہیں کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے، نوجوان مایوس نہ ہوں بلکہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے اس اشرافیہ کے خلاف جدوجہد کریں جو انہیں مایوس کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کو پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے نوجوان شرکائ کے بحث و مباحثہ کو سنا اور ان کی تحسین کی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سوال کرنا زرخیز ذہن کی عکاسی ہے، اللہ تعالیٰ نے بھی سوال اور غوروفکر کرنے کی تلقین کی ہے، نوجوان دین سے رشتہ کو مضبوط کریں۔

