لاہور( نمائندہ خصوصی) :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایل وائی-80 (این) میزائل اور لوئٹرنگ میونیشن کے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ کو شاباش دیتے ہوئے میزائل و میونیشن کی تیاری میں شریک ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے اور شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب اور جامع مشق پر پاک بحریہ کی قیادت، افسروں و جوانوں کو مبارکباد دی ہے ۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا
ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ جدید اور بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی فورس بن چکی ہے، پاک بحریہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے پاکستان کی بحری سرحدوں کو ہر گزرتے دن کے ساتھ ناقابل تسخیر بنا رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاک
بحریہ کے جدید فضائی دفاعی، زمین سے فضا میں مارکرنے والے اور خودکار نظاموں کی مؤثر کارکردگی پاکستان کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے، خودکار سطحی جہاز (USV) کا کھلے سمندر میں کامیاب تجربہ بھی ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔
