اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 2026) کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے اور عالمی سطح پر وسیع شرکت کو یقینی بنانے کے لئے اہم غیر ملکی دارالحکومتوں میں تعینات پاکستان کے سفیروں اور ہائی کمشنرز کے ساتھ ایک بریفنگ سیشن کا انعقادکیا۔یہ اجلاس بیرونِ ملک پاکستانی مشنز کے ساتھ آن لائن منعقد ہوا جس میں پٹرولیم ڈویژن کے سینئر افسران اور اہم سرکاری اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں سفارتی روابط کو قومی معاشی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنے اور پی ایم آئی ایف 2026 کو پاکستان کے معدنی و کان کنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے ایک نمایاں عالمی پلیٹ فارم کے طور پر پیش کرنے پر توجہ دی گئی۔بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر نے پی ایم آئی ایف 2026 کے وژن، وسعت اور سٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے زور دیا کہ یہ فورم ایک قومی معاشی ترجیح کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سفیروں اور ہائی کمشنرز پر زور دیا کہ وہ میزبان ممالک میں معروف مائننگ کمپنیوں، ادارہ جاتی سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور متعلقہ سرکاری حکام کے ساتھ فعال روابط قائم کریں تاکہ وسیع اور مؤثر بین الاقوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایم آئی ایف 2026 پاکستان کے معدنی شعبے میں مائننگ سے متعلق آگاہی کے فروغ، معاشی سرگرمیوں کے استحکام اور پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ایک کلیدی پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
