ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی وڈ کے معروف اداکار انیل کپور نے 2001 میں ریلیز ہونے والی اپنی مشہور زمانہ فلم ’نائیک‘ کے حقوق خرید لیے ہیں۔انڈین میڈیا کے مطابق بالی وڈ میں آج کل فلموں کے بجائے سیکوئل بنانے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، ہر دوسرا فلمساز یا تو دو حصوں پر مبنی فلمیں بنانے کی طرف مائل ہے یا پھر ہٹ فلموں کو فرنچائز میں تبدیل کر رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اب انیل کپور بھی اسی فہرست میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔انیل کپور نے فلم ’نائیک‘ کے حقوق خرید لیے ہیں تاکہ اس کے
ممکنہ سیکوئل کی راہ ہموار کی جا سکے۔ فلم ریلیز کے وقت سینما گھروں میں تو اچھا بزنس نہیں کیا تھا مگر وقت گزرنے کے ساتھ اسے ایک شاہکار تسلیم کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق انیل کپور فلم ’نائیک‘ کا سیکوئل بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس سے قبل اس فلم کے حقوق ’صنم تیری قسم‘ کے پروڈیوسر کے پاس تھے جو اب اداکار نے حاصل کر لیے ہیں۔انیل کپور فلم کو اپنے دل کے بہت قریب سمجھتے ہیں اور اس کا سیکوئل بنانے کے خواہش مند ہیں۔ وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ برسوں کے دوران اس فلم کو کتنا پیار ملا ہے اور ان کا ماننا ہے کہ فلم میں سیکوئل کیلیے زبردست صلاحیت موجود ہے۔فلم انیل کپور کے کیریئر کی اہم ترین فلموں میں سے ایک بن چکی ہے اس لیے اداکار کے نقطہ نظر سے اس کا سیکوئل بنانا ایک اچھا فیصلہ ثابت ہو سکتا ہے۔آج کل اتنے زیادہ سیکوئلز بن رہے ہیں کہ شائقین اب بیزاری محسوس کرنے لگے ہیں۔ سال 2026 کا آغاز بھی ایک سیکوئل سے ہو رہا ہے اور سنی دیول کی فلم ’بارڈر 2‘ بھی ایک پرانی کہانی کا تسلسل ہے۔یہی وجہ ہے کہ ’نائیک‘ کے ممکنہ سیکوئل کی خبر مداحوں کیلیے زیادہ خوشگوار ثابت نہیں ہو رہی، اب یہ فلم کامیاب ہوتی ہے یا نہیں اس کا فیصلہ تو وقت ہی کرے گا۔

