باکو ( نمائندہ خصوصی)پاکستان اور آذربائیجان نے تجارت ، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اپنے کثیر الجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیاہے جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کاراباخ کی آزادی کی جنگ میں آذربائیجان کی فتح کو حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے مظلوم عوام ، خصوصاً بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے لیے امید کی کرن قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو یہاں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سےملاقات کی ۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ملاقات آذر بائیجان کے صدارتی محل میں ہوئی جس میں پاک فوج
کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کی دعوت دینے پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یوم فتح پر مبارکباد دی جو آرمینیا کے خلاف کاراباخ کی آزادی کی 44 روزہ جنگ میں تاریخی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آذربائیجان کی فتح حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے مظلوم عوام خصوصاً بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔ دونوں رہنمائوں نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور سیاسی، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، روابط اور دفاع کے شعبوں میں اپنے کثیر الجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔وزیر
اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کو اپنی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے بخوشی قبول کی۔ وزیراعظم نے اس سال کے شروع میں آرمینیا کے ساتھ تاریخی امن معاہدے پر دستخط کرنے پر صدر علیوف کو سراہا۔ صدر الہام علیوف نے کاراباخ کے علاقے پر غیر قانونی قبضے کے خلاف منصفانہ جدوجہد میں آذربائیجان کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
