اسلام آباد۔,( نمائندہ خصوصی)انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں سنٹر فار سٹریٹجک پرسپیکٹیو (سی ایس پی) نے "پاکستان کی موسمیاتی مذاکرات کی حکمت عملی اور کوپ-30 کی تیاری” کے عنوان سے ایک اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے کا انعقاد کیا۔ سیشن میں سینئر پالیسی سازوں، سفارتکاروں اور موسمیاتی ماہرین نے شرکت کی جن میں سفیر سہیل محمود، ڈائریکٹر جنرل انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد ، سفیر خالد محمود، چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی جمیل احمد، ڈائریکٹر، یو این ای پی واشنگٹن میں بین الحکومتی امور، ممبر موسمیاتی تبدیلی وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نادیہ رحمان، ، ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت موسمیاتی تبدیلی سعدیہ منوراور موسمیاتی مالیات کی ماہر کشمالہ کاکاخیل نے شرکت کی۔ڈاکٹر نیلم نگار نے بیلم، برازیل میں کوپ-30 سے قبل پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی کی حکمت عملی پر نظر ثانی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ملک کاعزم اس کی ترقیاتی ضروریات اور موسمیاتی خطرات سے ہم آہنگ ہیں۔ سفیر سہیل محمود نے اس بات پر زور دیا کہ کوپ-30 عالمی موسمیاتی ڈپلومیسی کا ایک اہم لمحہ
ہے جہاں دنیا کو وعدوں سے کارکردگی کی طرف فیصلہ کن طور پر منتقل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک جو عالمی سطح پر اخراج میں کم سے کم حصہ ڈال رہا ہے، ابھی تک سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار ہے، کوپ-30 کے نتائج بہت گہرے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک فوری وجودی چیلنج ہے جو مربوط اور مستقل قومی اور بین الاقوامی ردعمل کا مطالبہ کرتا ہے۔ یو این ای پی کے جمیل احمد نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ COP-30، جسے عمل درآمد کی COP کا نام دیا جاتا ہے، کو اپنے وعدوں کوخاص طور پر پاکستان جیسے ممالک کے لیے قابل پیمائش کارروائی میں تبدیل کرنا چاہیے ۔ انہوں نے پاکستان کے لیونگ انڈس انیشی ایٹو کو آبی تحفظ، حیاتیاتی تنوع اور معاش کو جوڑنے کے لیے ایک ماڈل کے طور پر سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ قومی اور مقامی حکومتیں یکساں طور پر عالمی اہداف کو کمیونٹی کی سطح ے عملی اقدامات میں تبدیل کریں۔نادیہ رحمن نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کی مذاکراتی حکمت عملی روایتی طور پر G-77 اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ منسلک رہی ہے ۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور موسمیاتی مالیات پر مرکوز مزید مسائل پر مبنی نقطہ نظر پر زور دیا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی نمائندہ سعدیہ منور نے COP-30 کے لیے پاکستان کی کثیر الجہتی تیاریوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔کشمالہ کاکا خیل نے پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی کی تیاری کا واضح اندازہ پیش کیا اورکہاکہ ملک نے موسمیاتی نظم و نسق میں پیش رفت کی ہے، اسے اپنی بات چیت کی توجہ کو تیز کرنا چاہیے۔ بحث میں سفارت کاروں، ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے فکر انگیز آرا ءکا اظہار کیا جنہوں نے مضبوط قومی عزم، سرحد پار آلودگی سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون اور نچلی سطح پر آگاہی مہموں کی ضرورت پر زور دیا۔
