اسلام آباد( نمائندہ خصوصی): قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کی تشویش دور کرنے کے لیے حال ہی میں ایک اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں پی آئی اے ہولڈنگ لمیٹڈ کے سی ای او اسد رسول نے ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے پنشن اور میڈیکل کے تحفظ کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔ملاقات کا اہتمام پی آئی اے ریٹائرڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن راولپنڈی/اسلام آباد کے صدر منصور ڈھلو نے کیا تھا۔منصور ڈھلو نے اسلام آباد میں واقع پی آئی اے ہیڈ آفس میں سی ای او اسد رسول سے ملاقات کیتاکہ قومی ایئر لائن کی نجی کاری کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور میڈیکل سہولیات کے بارے میں پائی جانے والی تشویش کو
دور کیا جا سکے۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب ملازمین میں یہ خدشہ پیدا ہو گیا تھا کہ نجی کاری کے عمل سے ان کی برسوں کی پنشن اور میڈیکل کی سہولیات متاثر ہو سکتی ہیں۔ تاہم، سی ای او اسد رسول نے منصور ڈلو کو واضح الفاظ میں یقین دلایا کہ ایسا کوئی اقدام زیرِ غور نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "پی آئی اے ہولڈنگ لمیٹڈ کے تحت تمام ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور میڈیکل کی سہولیات نہ صرف جاری رہیں گی بلکہ نجی کاری کے بعد بھی ان پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔”صدر پیارے راولپنڈی منصور ڈلو نے اس مثبت یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین سے صبر اور حوصلہ رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اس ملاقات کے نتیجے میں ہزاروں ریٹائرڈ ملازمین کی پریشانی ختم ہو گئی ہے اور وہ اب مطمئن ہو سکتے ہیں کہ ان کے حقوق مکمل طور پر محفوظ ہیں۔یہ ملاقات اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ادارے کو اپنے سابقہ ملازمین کی فلاح و بہبود کا احساس ہے اور وہ نجی کاری کے اس حساس مرحلے پر ان کی تشویش کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔
