لاہور(اسپورٹس رپورٹر اسپورٹس ڈیسک):پاکستان نےسہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں سری لنکا کے خلاف فائنل میں 326 رنز کا مشکل ہدف حاصل کرکے ون ڈے فائنلز میں سب سے بڑے ہدف کاکامیاب تعاقب کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے، اس سے
قبل بھارت نے 2002 میں نیٹ ویسٹ سیریز کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف اتنے ہی رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔اس تاریخی کامیابی کے ساتھ پاکستان نے مردوں کے ون ڈے ناک آئوٹ مقابلوں میں بھی سب سے بڑے کامیاب ہدف کے تعاقب کا ریکارڈ برابر کردیا۔سری لنکا کے خلاف پاکستان کا یہ دوسرا بڑا کامیاب ہدف کا تعاقب ہے۔ قومی ٹیم اس سے قبل 2023 کے ورلڈ کپ میں حیدرآباد کے مقام پر سری لنکا کے خلاف 345 رنز کا ہدف حاصل کرچکی ہے۔فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان رنز کی بھرپور بارش ہوئی
اور مجموعی طور پر 656 رنز اسکور کیے گئے، جو ون ڈے فائنلز کی تاریخ میں اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔اس سے پہلے یہ ریکارڈ 2002 کے نیٹ ویسٹ سیریز فائنل کے پاس تھا، جہاں بھارت اور انگلینڈ نے مجموعی طور پر 651 رنز بنائے تھے۔مزید یہ کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فائنل میں بننے والا 656 رنز کا مجموعہ مردوں کے ون ڈے ناک آئوٹ مقابلوں کی تاریخ کا تیسرا بڑا مجموعہ بھی بن گیا۔

