اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی)::نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں کے ساتھ مالی فراڈ میں ملوث جعلی کال سینٹر کا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا اور 2 خواتین سمیت 8 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔منگل کو ترجمان این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایجنسی کی ٹیم نے لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں واقع ایک جعلی کال سینٹر پر چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی عدالت مجاز سے باقاعدہ سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ترجمان کے مطابق مذکورہ غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے برطانوی (یو کے) شہریوں کو ٹیلی کام فراڈ کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ ملزمان
معروف بین الاقوامی ٹیلی کام کمپنیوں بشمول ’’اے ٹی اینڈ ٹی‘‘ اور ’’ویریزون‘‘ کے نمائندے بن کر شہریوں کو دھوکہ دیتے اور مالی نقصانات پہنچاتے تھے۔چھاپے کے دوران کال سینٹر سے 2 خواتین سمیت 8 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ موقع سے 28 لیپ ٹاپس، 10 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور 15 سمارٹ فونز سمیت مجموعی طور پر 53 جدید ڈیجیٹل آلات برآمد کر لیے گئے۔ اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے کالز ملانے کے لیے استعمال ہونے والا مخصوص ڈائل اپ سافٹ ویئر اور بین الاقوامی فراڈ سے متعلق اہم ریکارڈ اور ڈیٹا بھی ضبط کیا گیا ہے۔ترجمان این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق طیب طارق اور آمنہ طارق اس غیر قانونی کال سینٹر کے مالکان اور مینجرز ہیں جو پورے سیٹ اپ کو چلا رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016 کے تحت مقدمہ درج کر کے نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

