کراچی( نمائندہ خصوصی.ہیلتھ رپورٹر)سندھ کے سب سے بڑے سرکاری طبی ادارے جناح اسپتال کراچی میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی سہولت موجود ہونے کے باوجود جنریٹرز کے لیے لاکھوں روپے کے ڈیزل کی کھپت کی آڑ میں خوردبرد کا انکشاف ہوا
ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 3 ماہ میں اس مد میں 52 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جولائی سے ستمبر کے دوران اسپتال کے جنریٹرز کے لیے ڈیزل کی خریداری
اور استعمال پر مجموعی طور پر 52 لاکھ 56 ہزار 248 روپے خرچ ہوئے۔ یہ اخراجات ایسے اسپتال میں سامنے آئے ہیں جسے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سے پیوستہ شب بجلی کی طویل بندش کے دوران اسپتال کے ہنگامی جنریٹرز بھی کام نہیں کرسکے۔اس صورت حال کے نتیجے میں آئی سی یو میں زیر علاج 2 مریضوں کے جاں
بحق ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، جبکہ درجنوں دیگر مریضوں کی حالت بگڑنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔تاہم اسپتال انتظامیہ نے دونوں مریضوں کی اموات کا بجلی کی بندش سے تعلق مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی کہ جاں بحق ہونے والے مریض پہلے ہی شدید علیل اور تشویشناک حالت میں تھے، جبکہ ان کی موت بنیادی طبی پیچیدگیوں کے باعث ہوئی۔

