لاہور(اسپورٹس رپورٹر):پاکستان کے تجربہ کار بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان نے قذافی اسٹیڈیم میں ون ڈے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرکے سابق بلے باز سعید انور کے دیرینہ ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔سری لنکا کی جانب سے دیئے گئے 326 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کرنے والے فخر زمان نے ایک بار پھر بڑے میچوں کا
کھلاڑی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے محض 84 گیندوں پر اپنے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری مکمل کی۔وہ آخرکار اننگز کے 34 ویں اوور میں دلشان مدشنکا کا شکار بنے، تاہم اس سے قبل وہ 11 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 99 گیندوں پر 127 رنز کی طوفانی اننگز کھیل چکے تھے۔فخر زمان کی یہ سنچری کسی بھی ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں ان کی دوسری سنچری ہے۔ یاد
رہے کہ اس سے قبل انہوں نے 2017 میں آئی سی ایچ چیمپئنز ٹروفی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اوول کے میدان میں یادگار سنچری اسکور کی تھی۔اس طرح فخر زمان نے ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنلز میں سب سے زیادہ دو سنچریز بنانے کا لیجنڈری بلے باز سعید انور کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ سابق پاکستانی اوپنر سعید انور نے 1993 کی ولز ٹرافی کے فائنل اور 1998 میں
سلور جوبلی انڈیپینڈنس کپ کے فائنل میں سنچریاں بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔مزید برآں 127 رنز کی اس شاندار اننگز کی بدولت فخر زمان کے ون ڈے کیریئر کے مجموعی رنز 4 ہزار کی حد عبور کر گئے ہیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستان کے 16 ویں بلے باز بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں انضمام الحق، جاوید میانداد، یونس خان اور سعید انور جیسے نامور لیجنڈز
شامل ہیں۔واضح رہے کہ فخر زمان اب تک ون ڈے فارمیٹ کی 96 اننگز میں 44.65 کی شاندار اوسط اور 93.57 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 4019 رنز بنا چکے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں ان کی 12 سنچریوں کے علاوہ 19 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

