لاہور(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (جی 24) کی چیئرمین شپ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار اور سفارتی کامیابی کا اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (G-24) کی چیئرمین شپ ملنے پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک اہم سفارتی سنگِ
میل قرار دیا ، جو عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار اور آواز کو مزید تقویت دے گا۔وزیراعظم نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارتِ خزانہ کی پوری ٹیم کی انتھک محنت، مؤثر سفارت کاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے دوران پاکستان کے مؤثر کردار اور ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی قیادت میں پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ جی -24 کی چیئرمین شپ پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے منصفانہ مالی معاونت اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لئے پائیدار ترقی کے مواقع کے فروغ کے حوالے سے مؤثر کردار ادا کرنے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
