اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کے نواح میں خوارجیوں کے خلاف کارروائی کے دوران بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سی ٹی ڈی بلوچستان کے 4 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ہفتہ کو جاری بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا
اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی بلوچستان کے بہادر سپوتوں نے وطن پر جان قربان کرکے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔محسن نقوی نے بھارتی سپانسرڈ 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی بلوچستان کے جری جوانوں کو سلام پیش کیا ۔وزیر داخلہ نے کہاکہ سی ٹی ڈی بلوچستان کے شہید اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔
