لاہور( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم طارق رحمن اور بنگلہ دیش کے برادر عوام کو عید الفطر کی
مبارکباد دی۔دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے جنوبی ایشیا میں ہونے والی علاقائی پیش رفت کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کشیدگی و تنازعات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے اقدامات پر زور دیا۔وزیر اعظم رحمن نے وزیر اعظم شہباز شریف کی عید الفطر کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کے لیے آئندہ دنوں میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
