لاہور( نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام کو ٹیلی فون کیا اور انہیں اور لبنان کے برادر عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نواف سلام نے وزیر اعظم شہباز
شریف کے جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت جس کے نتیجے میں معصوم جانوں کا المناک نقصان ہوا، شہری زخمی اور بے گھر ہوئے، کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ان مشکل حالات میں لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لبنان کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کشیدگی کے فوری خاتمے پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
