لندن( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو بابرکت ماہِ رمضان کی آمد پر دلی مبارکباد دی اور امتِ مسلمہ کے لئے امن اور
سکون کی دعا کی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ اور دنیا کے دیگر حصوں میں امن و مفاہمت کے فروغ کے لئے شیخ تمیم بن حمد الثانی کی سرپرستی میں قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی تحسین کی ۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

