اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دورہ انڈونیشیا کے دوران صدر پربوو سبیانتو سے ملاقات کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ کی آمد پر انڈونیشیا کے صدر نے ایوان صدر جکارتہ میں ان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کی بنیاد بننے والی مشترکہ اقدار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بالخصوص تربیت، فضائی دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انڈونیشیا کے صدر پربوو سبیانتو نے پاک فضائیہ کی آئی ایس آر، سائبر، سپیس، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ فضائی نظام جیسے جدید شعبوں میں
پیش رفت کو سراہا جو موجودہ قیادت کے ملٹی ڈومین صلاحیتوں کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ایرو سپیس صنعت کی حالیہ برسوں میں جدید ڈیزائن، اعلیٰ تحقیق اور سافٹ ویئر پیش رفت میں نمایاں ترقی کو بھی سراہا ۔انڈونیشیا کے صدر نے پاک فضائیہ کے جدید تربیتی نظام اور ایرو سپیس انفراسٹرکچر سے استفادہ حاصل کرنےمیں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔اس سے قبل سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) شفری شمس الدین،کمانڈر انڈونیشین نیشنل آرمڈ فورسز جنرل آگس سوبیانتو اور انڈونیشین ایئر فورس کے سربراہ ایئر مارشل ٹونی ہرجونو سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔ سربراہ پاک فضائیہ کی آمد پر دونوں مقامات پر انہیں تاریخی استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جو دونوں ممالک کے مابین احترام اور مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔انڈونیشین ایئر چیف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مشترکہ تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور ایرو سپیس شعبے میں تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔انڈونیشین سربراہ نے پاک فضائیہ کے پائلٹس کے عملی تجربے سے استفادہ حاصل کرنےکی خواہش ظاہر کی جس پر سربراہ فضائیہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے اختتام پر سربراہ پاک فضائیہ کو انڈونیشین ایئر فورس کے اعلیٰ ترین اعزاز میڈل آف آنر سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز حکومت انڈونیشیا کی جانب سے انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ نے پیش کیا جو پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر اور دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط و دیرپا فضائی تعاون کے فروغ کے لیے سربراہ پاک فضائیہ کی خدمات کا اعتراف ہے۔عسکری وقار اور باہمی احترام پر مبنی یہ پروقار تقریب پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی بھرپور عکاس ہے۔سربراہ فضائیہ نے وزیر دفاع اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے ساتھ مشترکہ ملاقات بھی کی جس میں دفاعی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ انڈونیشین معززین نے موجودہ قیادت کے زیر سایہ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ برتری اور جدید کاری کے عمل کو قابل ستائش قرار دیا۔انڈونیشین دفاعی قیادت نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے جدید تکنیکی ڈھانچے کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انڈونیشین مسلح افواج کی مستقبل کی ایروسپیس و ہوابازی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے مخصوص ٹیکنالوجیز میں پاک فضائیہ کی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔سربراہ پاک فضائیہ کاانڈونیشیا کا یہ تاریخی دورہ پاکستان اور انڈونیشیا کے دفاعی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور دوطرفہ عسکری روابط میں تیزی سے بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ملاقاتیں دونوں ممالک کے مابین پیشہ ورانہ تعاون، باہمی اعتماد اور پائیدار دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کی توثیق کرتی ہیں۔
