لاہور( نمائندہ خصوصی)سینئر سیاستدان سید زعیم حسین قادری کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ کی امامت ان کے تایا زاد کزن سید رافت حسین قادری آف بٹالہ شریف نے کروائی اور مرحوم کے لیے خصوصی دعا مغفرت بھی کی گئی۔ بعد ازاں
انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، مشیر وزیر اعلی پنجاب ذیشان ملک، چیئرمین استحقاق کمیٹی سمیع اللہ خان ،سینئر سیاستدان
مخدوم جاوید ہاشمی، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔شرکاء نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت
پیش اور اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق سید زعیم حسین قادری جمعہ کی صبح چار بجے نجی ہسپتال میں اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے ۔انہیں عارضہ قلب کے باعث تین روز قبل ڈیفنس کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا
جہاں انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد از نمازِ مغرب لارنس روڈ پر ادا کی گئی۔سید زعیم حسین قادری پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پنجاب
حکومت کے ترجمان رہ چکے تھے جبکہ حالیہ عرصے میں وہ عوام پاکستان پارٹی پنجاب کے ترجمان کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
