دبئی( نمائندہ خصوصی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کےسفیرشفقت علی خان نے ملاقات کی۔ ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں پاکستانی سفیرکی کاوشوں کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعاون کے فروغ میں ان کے مؤثر کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعاون کا فروغ ، اقتصادی روابط کو وسعت دینا اور عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانا پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کے اہم ستون ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا
گیلانی نے اس موقع پر پارلیمانی سفارتکاری کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کے مابین روابط، باہمی تعلقات کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر روابط، طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔پاکستانی سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور مجموعی اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے مختلف شعبہ جات میں باہمی دلچسپی پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں یو اے ای کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا۔چیئرمین سینیٹ نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت اور تعمیری کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ عوامی روابط پاکستان اور یو اے ای کے مابین دیرینہ دوستی کا ایک اہم اور مضبوط پہلو ہیں۔
