دبئی( نمائندہ خصوصی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِ اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے زعبیل پیلس میں ملاقات کی ،ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال جبکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیاگیا۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر
مملکت آصف علی زرداری نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو دبئی کے حکمران کے طور پر دو دہائیوں کی کامیاب قیادت مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور دبئی کی سیاحت، مالیات اور جدید ٹیکنالوجی کے عالمی شعبوں میں نمایاں ترقی کو سراہا۔فریقین نے دبئی کے ترقیاتی ماڈل سے استفادہ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا، بالخصوص بندرگاہوں، لاجسٹکس، بنیادی ڈھانچے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان
میں جاری اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور نجکاری کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، لاجسٹکس، غذائی تحفظ اور ٹیکنالوجی پر مبنی شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔دونوں رہنماؤں نے پاک۔یو اے ای برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ روابط کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس
موقع پر اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدرِ یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورے پاکستان کا ذکر بھی کیا گیا۔انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کو سراہا اور یو اے ای میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو عوامی روابط کے فروغ میں اہم قرار دیا۔ خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔


