اسلام آباد:( نمائندہ خصوصی)سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی غزہ امن مشن میں شمولیت خوش آئند ہے،آپریشن بنیان مرصوص کے بعد سے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا ہے، پاکستان کی ملٹری ڈپلومیسی نے اپنا لوہا منوا لیا ہے،ہندوستان جمہوری ملک ہونے کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے،جبری تقسیم کی کوشش پورے بھارت کی تقسیم کا دروازہ کھول سکتی ہے، ہندوستان نے اپنے عمل سے پورے خطے کوغیر مستحکم کر دیا ہے،مسلم کانفرنس الحاق پاکستان کی داعی ہے، ہندوستان نوشتہ دیوار پڑھ لے، کشمیر ضرور آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔سردار عتیق احمد خان نے ان خیالات کا اظہار
پارٹی کی سیکرٹری جنرل مہرالنساء، سینئر رہنما میجر نصراللہ، سید ظفر شاہ سردار ارسلان نذیر سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے ہمراہ پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں نوجوان سیاسی رہنما ڈاکٹر عرفان اشرف کی ساتھیوں سمیت مسلم کانفرنس میں شمولیتی پروگرام کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عتیق احمد خان نے ڈاکٹر عرفان اشرف کو ساتھیوں سمیت مسلم کانفرنس میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔سردار عتیق احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ 26 جنوری کو دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں،ہندوستان میں بسنے والی تمام اقوام کے ساتھ بدترین سلوک ہو رہا ہے،ہندوستان نے اپنے عمل سے پورے خطے کوغیر مستحکم کر دیا ہے،بھارتی مظالم سے چھ لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں، ہندوستان نوشتہ دیوار پڑھ لے، کشمیر ضرور آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا،مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق مذکرات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست کے اندر جو فضاء بن چکی ہے اور لوگوں کے اندر یہ احساس پیدا ہو چکا ہے کہ ریاست میں ریاست کی سیاست ہونا چاہیئے، پاکستانی عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے،پاکستان کی ملٹری ڈپلومیسی نے اپنا لوہا منوا لیا ہے۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والے نوجوان رہنما ڈاکٹر عرفان اشرف کا کہنا تھا کہ مسلم کانفرنس کشمیری شہداء کی امین اور نظریہ
پاکستان کی داعی جماعت ہے،اس کو دیکھتے ہوئے مسلم کانفرنس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، مسلم کانفرنس میں شمولیت اپنے لئے باعث افتخار سمجھتا ہوں، سردار عتیق کی قیادت میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ حقیت میں بدلنے کی کوشش کریں گے،آئندہ ریاستی انتخابات میں مسلم کانفرنس بڑی جماعت بن کر ابھرے گی اور اس کے بغیر نہ کوئی حکومت بنے گی اور نہ ہی چلے گی۔ انہوں نے عالمی برادی سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کو کشمیری عوام پر بدترین مظالم سے روکیں۔

