کراچی ( نمائندہ خصوصی)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چئیرمین آفاق احمد نے پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی میں گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو معمول کا حادثہ قرار دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ابتک 61 لاشیں برآمد ہوچکیں جبکہ درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں، یہ ایک بدترین انسانی سانحہ جس میں سندھ حکومت کی محکمانہ غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔اپنے مذمتی بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ اس آگ کی وجہ سے سینکڑوں کا روزگار ختم ہوا سینکڑوں گھر اجڑ گئے

جسکا احساس کرنے کے بجائے معمول کا حادثہ کہہ کر متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑکا جارہا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے، حقیقت یہ ہے کہ اس سانحہ کی سب سے زیادہ ذمہ دار سندھ حکومت اور اسکے ماتحت ادارے ہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں، بہتر یہی ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے جو ایک کروڑ روپے فی کس معاوضہ کا اعلان کیا گیا وہ فوری طور پر متاثرین کو دیا جائے اسکے علاوہ جب تک متبادل جگہ کا انتظام نہیں ہوجاتا تب تک متاثرہ تاجروں کو پارکنگ پلازہ میں عارضی دکانیں الاٹ کی جائیں تاکہ وہ پھر سے اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وقت فیصلہ کرے گا کہ یہ حادثہ تھا یا سازش،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ گل پلازہ کی اصل وجوہات جاننے کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ غفلت کے مرتکب افراد اور اداروں کا تعین کیا جاسکے.