مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی):پاکستان حج مشن نے سرکاری اسکیم کے عازمین کے لیے 10 ذوالحجہ کا حتمی شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت شام 6:00 بجے سے قبل رمی (کنکریاں مارنا) مکمل کرنا لازمی ہے جبکہ شام 6:00 بجے کے بعد قربانی کی تکمیل پر ہی احرام کھولا (حلق یا قصر ) کیا جا سکے گا۔ڈائریکٹر حج مکہ محمد عارف اسلم راؤ کے مطابق تمام عازمینِ حج کو یہ مناسک لازمی طور پر اپنے ناظم کی سربراہی میں مخصوص وقت پر، صرف گروپ کی شکل
میں ادا کرنے ہوں گے۔ محمد عارف اسلم رائو کے بتایا کہ سعودی حکام کی ہدایات کے مطابق 10 ذوالحجہ کو جمرات پر کنکریاں مارنے کے اوقات کار ہر مکتب کے لیے الگ اور مخصوص کیے گئے ہیں۔تمام متعلقہ ناظمین اپنے گروپ کے ارکان کو اسی مقررہ شیڈول کے مطابق رمی کرانے کے پابند ہیں۔ عازمینِ حج انفرادی طور پر نکلنے کے بجائے اپنے ناظم کی زیرِ نگرانی دیئے گئے وقت پر گروپ کی صورت میں روانہ ہوں تاکہ یہ رکن باآسانی مکمل ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے ذمہ دار ادارے نے سرکاری سکیم کے حجاج کے لیے پہلے دن کی قربانی کا وقت شام 6:00 بجے تک مقرر کیا ہے۔اسی لیے عازمین کے لیے شام 6:00 بجے سے پہلے رمی مکمل کرنا ضروری ہے۔ شام 6:00 بجے کے بعد جب تمام قربانیاں مکمل ہو جائیں گی، تبھی حجاجِ کرام حلق (سر منڈوانے) یا قصر (بال کٹوانے) کے بعد احرام کی حالت سے باہر آ سکیں گے۔ وزارتِ مذہبی امور اور پاکستان حج مشن نے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ حج کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے ان اوقات کار اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

