واشنگٹن( نمائندہ خصوصی)۔:امریکا کےوفاقی ادارے کمیشن آف فائن آرٹس نےملک کے 250 ویں یوم آزادی پر صدرڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے ایک یادگاری سونے کے سکے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے ۔ تاہم اس طرح کی کوششوں کی قانونی حیثیت
پر بارہا سوال اٹھایا جاتا رہا ہے۔وفاقی قانون امریکی کرنسی پر زندہ صدور کی تصویر لگانے پر پابندی لگاتا ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے یادگاری سونے کے سکے کے علاوہ صدر کی تصویر کو ایک ڈالر کے سکے پر لگانے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ ناقدین نے دونوں اقدامات کو غیر قانونی اور موجودہ لیڈر کے لیے نامناسب قرار دیا۔امریکی سینیٹر جیف مرکلے نےتبصرہ کیا کہ سکوں پر بادشاہوں اور آمروں کی تصاویر ہوتی ہیں، جمہوری رہنمائوں کی نہیں ۔ امریکی ٹکسال میں آفس آف ڈیزائن مینجمنٹ کی قائم مقام چیف میگن سلیوان نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ڈیزائن کی خود منظوری دی تھی۔واضح رہے کہ امریکی صدر نے کمیشن آف فائن آرٹس کے تمام اراکین کو فارغ کرکے اپنی پسند کے اراکین کا تقرر کیا تھا۔

