اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی):بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف نے آپریشن سندور میں بدترین شکست کااعتراف کیا ہے،آپریشن سندور میں عبرتناک شکست چھپانے کی مذموم کوشش کے طور پر بھارتی چیف آف سٹاف مضحکہ خیزبیانات دے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کی غیر پراعتماد باڈی لینگویج اور لڑکھڑاتی آواز نے شکست خوردہ ذہنیت عیاں کردی۔بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے آپریشن سندورمیں ہزیمت چھپانےکی کوشش کرتے ہوئے کہاکہ آنے والےچیلنجز مختلف ہوں گے، ہمیں پچھلے سندور کو بھول کر اب
اگلے سندور کی تیاری کرنی چاہیے،بھارتی چیف آف سٹاف کا شکست کا ذمہ دار ٹیکنالوجی کو ٹھہرانا اور نئی ٹیکنالوجی کو واحد حل قرار دینا ہرگز حقیقت پسندانہ موقف نہیں۔بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کا اپنی خفت مٹانے کیلئے ٹرائی سروسز ہم آہنگی بہتر بنانے کی بات کرنا دراصل شکست کا برملا اعتراف ہے۔ماہرین کےمطابق نئے سندور کی بات دراصل اس امر کی غمازی ہے کہ ماضی کی شکست اور ہزیمت کو پس پردہ ڈالنےکی کوشش کی جا رہی ہے،تکنیکی پہلوئوں اور ٹیکنالوجی کی آڑ میں غیر موثر کارکردگی کو چھپانے کی کوشش ایک غیرپیشہ ورانہ، شرمناک اور بزدلانہ طرزعمل ہے۔بھارتی بری، بحری اور فضائی افواج میں موثر ہم آہنگی کا فقدان ہی آپریشن سندور میں بھارت کی تاریخی رسوائی کا سبب بنا۔بھارت عالمی تنہائی کا شکار ہے، اس لیے اس نوعیت کے بیانات خود کو موزوں دکھانے کی ایک ناکام کوشش دکھائی دیتے ہیں۔ان بیانات سے واضح ہےکہ بھارت نے آپریشن سندور کی شکست سے کوئی سبق نہیں سیکھا، مگر کسی بھی مہم جوئی کا جواب پاکستان کی جانب سے انتہائی سخت، موثراور فیصلہ کن ہوگا۔
