اسلام آباد (نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ژی جیانگ میں شاندار استقبال پر چینی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چین کے صوبے ژی جیانگ کے ساتھ مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید
مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ ہفتہ کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ سرکاری دورۂ چین کے سلسلے میں ژی جیانگ کے خوبصورت اور متحرک شہر ہانگژو میں موجود ہیں ۔انہوں نے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر ژی جیانگ صوبے کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم ژی جیانگ صوبے کے ساتھ مختلف شعبوں میں عملی تعاون
کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں جن میں ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، جدید صنعت سازی اور ہنر مندی کی ترقی شامل ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منانے کے موقع پر وہ صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں برادر اقوام کے درمیان دیرینہ دوستی کے بندھن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
