راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا مختصر اور انتہائی اہم سرکاری دورہ مکمل کر لیا جس کے دوران انہوں نے ایرانی قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔یہ ملاقاتیں 8 اپریل 2026 کی جنگ بندی کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں تناؤ میں کمی اور تعمیری
روابط کے فروغ کےلئے جاری ثالثی کوششو ں کا حصہ تھیں ۔ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پیزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر غالباف ، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں خطے میں امن و
استحکام کے قیام، کشیدگی میں کمی اور جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور فریقین حتمی مفاہمت کی جانب مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ مذاکراتی عمل خوشگوار اور تعمیری ماحول میں جاری رہا، جس نے ثالثی کی کوششوں کو مزید تقویت دی۔ایرانی قیادت نے علاقائی مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے ان کا استقبال کیا۔

