ہانگژو۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ژجیانگ صوبے کی شاندار ترقی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ژجیانگ کے ساتھ خصوصاً ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، جدید صنعت کاری اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وہ ہفتہ
کو یہاں ہانگژو میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ژجیانگ کی صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکریٹری مسٹر وانگ ہاؤ سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ وانگ ہاؤ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ژجیانگ صوبے میں خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم نے ژجیانگ صوبے کے شاندار ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور صدر شی جن پنگ کی دور اندیش قیادت کی تعریف کی جو انہوں نے پارٹی کی صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکریٹری کی حیثیت سے انجام دی۔وزیراعظم نے صدر شی
جن پنگ کی جانب سے پیش کردہ’’صاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثے ہیں‘‘کے تصور کو بالخصوص سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ژجیانگ کی ترقی اس بات کی ایک زندہ مثال ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، سبز ترقی اور اعلیٰ معیار کی معاشی نمو کو کس طرح ایک دوسرے کے معاون انداز میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ژجیانگ صوبے کے ساتھ خصوصاً ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی،
جدید صنعت کاری اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو بہت اہمیت دیتا ہے، صوبائی سطح پر تعاون پاکستان-چین تعلقات کا ایک اہم ستون ہے اور یہ صنعتی تعاون، زرعی جدیدکاری، ٹیکنالوجی کے اشتراک اور برآمدات پر مبنی ترقی کے ذریعے سی پیک فیز 2 کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔وزیراعظم نے تعاون پر مبنی
دو اہم دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ پہلی دستاویز ژجیانگ صوبے اور صوبہ پنجاب کے درمیان سسٹر-پروونس تعلقات کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت تھی۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم نے ہانگژو نارمل یونیورسٹی اور بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے درمیان چین-پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر
کے قیام سے متعلق دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔یہ مرکز تعلیمی تعاون، عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پاکستان و چین کے اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور دونوں ممالک عوام دوست، ترقی پر مبنی اور عملی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

