اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، تُرکیہ، سعودی عرب اور قطر سمیت آٹھ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بورڈ آف پیس سے متعلق مشترکہ اعلامیہ میں وزرائے خارجہ نے اپنی اپنی حکومتوں کی طرف سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کرتے
ہوئے کہا کہ ہر ملک اپنے متعلقہ قانونی اور ضروری طریقۂ کار کو اختیار کرتے ہوئے شمولیتی دستاویزات پر دستخط کرے گا، جن میں مصر، پاکستان اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں جو پہلے ہی بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں ۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزرائے خارجہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں جاری امن کوششوں کے لیے اپنے ممالک کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بورڈ آف پیس کے مشن پر عملدرآمد میں تعاون کے اپنے عزم کی توثیق کرتے ہیں، جو ایک عبوری انتظامیہ کے طور پر
غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے میں متعین کیا گیا ہے اور جس کی توثیق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے ذریعے کی گئی ہے۔ اس مشن کا مقصد مستقل جنگ بندی کو مستحکم کرنا، غزہ کی تعمیرِ نو میں معاونت فراہم کرنا اور بین الاقوامی قانون کے مطابق فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ریاست کے قیام پر مبنی ایک منصفانہ اور پائیدار امن کو فروغ دینا ہے تاکہ خطے کے تمام ممالک اور عوام کے لیے امن، سلامتی اور استحکام کی راہ ہموار ہو۔

