ڈیووس ( نمائندہ خصوصی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمداسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مشکلات سے نکل آیا ہے،معاشی استحکام کے بعد اب اگلی منزل صرف ترقی ہے۔بدھ کو یہاں پاکستانی پویلین میں پاکستان بریک فاسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے ،کوئی بھی ملک 2.5 فیصد یا 3 فیصد ترقی کی شرح کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتا،وزیراعظم اور وزیر خزانہ ایک متحرک اور بلند شرح نمو کے لیے کوشاں ہیں جو یقیناً ناممکن نہیں،ہم پہلے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں ،2017ء میں شرح نمو 6.2 فیصد تھی، پاکستان میں استعداد موجود ہے کہ وہ اپنے اہداف حاصل کر سکے۔ ایک موقع پر ہمیں دنیا کی 24 ویں معیشت قرار دیا گیا تھا اور ہم جی
20 کا حصہ بننے سے چند پوائنٹس پیچھے تھے لیکن بدقسمتی سے 2018ء سے 2022 ءتک چار سال کے عرصے میں ہم 47 ویں معیشت کے طور پر سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے دور میں ہمیں مشکلات پیش آئیں لیکن اب ہم مشکلات سے نکل چکے ہیں، اقتصادی استحکام حاصل ہو چکا ہے ،اب تمام کوششیں ترقی کے لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین سال پہلےپاکستان کو سفارتی طور پر تنہا سمجھا جا رہا تھا ،اب ہم عالمی برادری کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہیں،اب تو یہ چنائو بھی مشکل ہوتا ہے کہ کس معزز مہمان کو دعوت دی جائے اور کسے موخر کیا جائے اور یہ بھی کہ وزیراعظم کو کس ملک کا دورہ کرنا چاہیئے کیونکہ دعوتوں کی ایک لمبی فہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک منفرد بات ہے کہ پاکستان کبھی ایک ووٹ سے سلامتی کونسل کے انتخاب میں کامیاب ہوا تھا اب ہم پانچ کے مقابلے میں 182 ووٹوں سے کامیاب ہوئے ہیں یہ عالمی برادری کے ہم پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ہم ہر جگہ فعال طور پر شریک ہیں، اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور عالمی شرکت داروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں ۔
